کورونا وائرس: پاکستان میں دو ہلاکتیں، 18 نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد 347



کورونا




پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور کراچی میں جمعرات کو نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 347 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک پاکستان میں دو افراد اس مرض سے ہلاک بھی ہو چکے ہیں جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔
سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں اب تک جن 59 افراد میں کووڈ-19 کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 41 میں یہ مقامی طور پر منتقل ہوا جو کہ انتہائی پریشان کن ہے۔
وفاقی اور صوبائی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 211، پنجاب میں 33، خیبر پختونخوا میں 29, بلوچستان میں 45، گلگت بلتستان میں 13 اور اسلام آباد میں کورونا کے پانچ متاثرین موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دو ہلاکتوں کے علاوہ اب تک پاکستان میں پانچ مریض اس وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں جمعرات کی صبح تک کورونا وائرس سے متاثر زیر علاج مریضوں کی تعداد 340 ہے۔